ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منگلورو:ساحلی کٹاؤ مسئلہ کا مستقل حل نکالیں ،فی الحال ہر لحاظ سے تیار رہیں : وزیر یوٹی قادر کی افسران کو ہدایات

منگلورو:ساحلی کٹاؤ مسئلہ کا مستقل حل نکالیں ،فی الحال ہر لحاظ سے تیار رہیں : وزیر یوٹی قادر کی افسران کو ہدایات

Tue, 30 May 2017 17:39:38    S.O. News Service

منگلورو:30/مئی (ایس اؤ نیوز )اُلال کوٹے پور، سومیشور کے نواح میں ساحلی کٹاؤ مسئلہ کا سامنا کرنے کے لئے افسران پیشگی طورپر کمر کس لینے کی وزیر یوٹی قادر نے ہدایات جاری کی ہیں۔ دکشن کنڑا ضلع ڈی سی دفترہال میں موسم باراں کی پیشگی تیاریاں ، ساحلی کٹاؤ سمیت دیگرمسائل کی نگرانی اور حل کے لئے منعقدہ میٹنگ کی صدار ت کرتے ہوئے وہ بات کررہے تھے۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ ساحلی کٹاؤ کا مستقل حل ضروری ہے ، مسئلہ پیدا ہونے کے بعد اس کے حل کرنے کی کوشش کرنے کے بجائے پہلے سے ہی بید ار ہوکر اس کی کوشش کریں۔ اے ڈی بی منصوبے کے تحت 223کروڑروپیوں کی لاگت سے جو کام جاری ہے وہ اطمینان بخش نہیں ہے، ماہرین کی صلاح پر شروع کئے گئے کام پر کسی بھی عوامی نمائندے نے مداخلت نہیں کی ہے، بارش شروع ہونے کو ہے ، اُلال اور کوٹےکارو علاقہ میں ہیلپ لائن کی شروعات کریں ، عوام کی ملکیت کی حفاظت کریں، آفاقی حادثات کا سامنا کرنے کے لئے ہر طرح سے انتظامیہ تیار رہنے کو کہا۔ میٹنگ میں ا یک افسر نے بتایا کہ آفاقی حادثات سے نمٹنے کے لئے 5کروڑ روپیوں کی ضرورت ہے ، بعض مقاما ت کو پہنچنے کے لئے راستہ نہیں ہے اور اس طرح کے کئی مسائل درپیش ہونے کی بات کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر داکٹر کے جی جگدیش نے کہاکہ ساحل پر جو مکانات خطرے سے دوچار ہوسکتے ہیں ان کا سروے کریں، ان مکینوں کو سمجھا کر وہاں سے نکلنے کے لئے کہیں ، ان کے لئے متبادل انتظام کریں یا اس کا بھروسہ دلائیں تب کہیں جا کر کچھ کام ہونے کی بات کہی۔

وزیر یوٹی قادر نے ٹینکر کے ذریعے پانی سپلائی کے متعلق کہا کہ پی ڈی او اور سکریٹری آپس میں بات چیت کرکے ٹینکر سے پانی سپلائی کرنے کی ضرورت نہیں ہے ، بلکہ گرام پنچایت انتظامیہ کی اجازت اور منظوری کے ساتھ آگے بڑھنے کو کہا۔ قومی شاہراہ ، ریاستی شاہراہ سمیت دیہی سڑکوں کے کنارے کسی بھی نالی میں کیچڑ رہنے نہ دیں، بارش سے پہلے ہر نالی کو پاک صاف کرلیں تاکہ بارش کا پانی سڑکوں پر نہ بہے اس کا خیال رکھیں۔ میٹنگ میں دکشن کنڑا ضلع پنچایت افسر ڈاکٹر ایم آر روی ، اپر ڈی سی کمار، منگلورو تعلقہ پنچایت صدر محمد معینو، بنٹوال تعلقہ پنچایت صدر چندرہاس وغیرہ موجود تھے۔


Share: